• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ کا سپہ سالار غدار ہے تو آج بھی چھپ کر اس سے کیوں ملتے ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ اگر آپ کی نظر میں سپہ سالار غدار ہے تو اس کی ملازمت میں توسیع کیوں دینا چاہتے تھے، اگر آپ کا سپہ سالار غدار ہے تو آج بھی چھپ کر اس سے کیوں ملتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل ندیم انجم نے راولپنڈی میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔


’جھوٹ سے فتنہ و فساد کا خطرہ ہو تو سچ کا چپ رہنا نہیں بنتا‘

انہوں نے کہا کہ میری واضح پالیسی ہے کہ میری تشہیر نہ کی جائے، آج میں اپنی ذات کے لیے نہیں اپنے ادارے کے لیے آیا ہوں، جھوٹ سے فتنہ و فساد کا خطرہ ہو تو سچ کا چپ رہنا نہیں بنتا، میں اپنے ادارے، جوانوں اور شہدا کا دفاع کرنے کے لیے سچ بولوں گا، ہمارے شہیدوں کا مذاق بنایا گیا۔


’آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش کی گئی‘

اس دوران لیفٹینٹ جنرل ندیم انجم نے کہا کہ آرمی چیف کو ان کی مدت ملازمت میں غیر معینہ مدت توسیع کی پیشکش کی گئی، اگر آپ کا سپہ سالار غدار ہے تو ماضی قریب میں ان کی تعریفوں کے پل کیوں باندھتے تھے۔

ڈی جی آئی ایس آئی نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ جنرل باجوہ چاہتے تو اپنےآخری چھ سات مہینے سکون سے گزار سکتے تھے، جنرل باجوہ نے فیصلہ ملک اور ادارے کے حق میں کیا، جنرل باجوہ اور ان کے بچوں پر غلیظ تنقیدکی گئی۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے مزید کہا کہ ملنا آپ کا حق ہے لیکن ایسا نہیں ہو سکتا کہ رات کو ملیں اور دن میں غدار کہیں، پاکستان کا آئین آزادی اظہار کا حق دیتا ہے، کردار کشی کی اجازت نہیں دیتا، اگر کوئی ادارے پر انگلی اٹھا رہا ہے تو حکومت کو اس پر ایکشن لینا ہے۔


’میر جعفر، میرصادق کہنے کی مذمت کرنی چاہیے‘

ڈی جی آئی ایس آئی نے مزید کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ کسی کو میر جعفر، میرصادق کہنے کی مذمت کرنی چاہیے، بغیر شواہد کے الزامات کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔


’فیصلہ کیا ہوا ہے خود کو آئینی کردار تک محدود رکھنا ہے‘

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بالخصوص اس سال مارچ سے ہم پر بہت پریشر ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہوا ہے خود کو آئینی کردار تک محدود رکھنا ہے۔


’کسی کو گرفتار کرنا ہماری صوابدید نہیں‘

اُن کا کہنا تھا کہ کسی کو گرفتار کرنا ہماری صوابدید نہیں ہے، حکومت کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جب آپ نفرت، تقسیم کی سیاست کرتے ہیں تو اس سے ملک میں عدم استحکام آتا ہے، پاکستان نفرت کی وجہ سے دو ٹکڑے ہوا۔

قومی خبریں سے مزید