انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے سے شکست کھانے کے بعد اب ٹیم پاکستان کو ایونٹ کے ایک اور کوالیفائر نیدرلینڈز کے خلاف چیلنج درپیش ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پرتھ اسٹیڈیم میں کل کھیلا جائے گا، پاکستان کے پاس اب شکست کی کوئی گنجائش نہیں ہے، قومی ٹیم اپنے اگلے تینوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان پہلے بھارت اور اُس کے بعد زمبابوے سے شکست سے دوچار ہوا، اب اس کے تین میچز نیندرلینڈز، جنوبی افریقا اور بنگلادیش سے ہیں۔
زمبابوے کی طرح نیدرلینڈز بھی سپر 12 مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی ٹیم ہے، اپنے دو گروپ میچز میں شکست کے باوجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں، قومی کرکٹرز نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لیے بھرپور تیار کی۔
حوصلے نیدرلینڈز کی ٹیم کے بھی بُلند ہیں، جن کے کوچ ریان کک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پچھلے میچ سے اندازہ ہوا ہے کہ اُس کو ہرایا جاسکتا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ پرتھ میں کھیلا جائے گا، جہاں بارش کے خطرات بھی منڈلارہے ہیں کیونکہ ہفتے کو بھارتی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران تیز بارش ہوئی اور ٹریننگ متاثر ہوئی۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے کھیلا جائے گا۔