پی ٹی آئی حکومت کے وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پس پردہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے مذاکرات سے لاعلم نکلے۔
شیخ رشید نے راولپنڈی میں عمران خان کے لانگ مارچ کے استقبال کے حوالے سے لال حویلی میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اداروں نے بھی کہہ دیا ہے کہ جلسہ اور احتجاج جمہوری حق ہے، عمران خان کے مذاکرات ہورہے ہیں یا نہیں مجھے معلوم نہیں ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت ٹوٹنے کے بعد نہ میرا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ ہے اور نہ انہوں نے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو اصلی اور نسلی ہے وہ کبھی ساتھ نہیں چھوڑے گا، ہم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ہمارا ایک مطالبہ صاف اور شفاف الیکشن ہے، بدامنی کی سوچ نہیں رکھتے، امن کے ساتھ ملک میں انتخابات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نےجن مقامات کا تعین کیا ہے، ان کا راستہ صاف کیا جائے، عمران خان سے اجازت لے کر آیا ہوں، لانگ مارچ کی تیاری کرنی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا راولپنڈی میں تاریخی استقبال کریں گے، جمعہ کو اس حوالے سے استقبالیہ جلوس بھی نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کو توسیع دے دی گئی ہے تو ہم نے بھی لال حویلی کو روات تک توسیع دے دی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عقل کے اندھے جوبھی قدم اٹھاتے ہیں وہ عمران خان کے حق میں جاتا ہے، پی ڈی ایم کی سیاست ختم ہوچکی، ان کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار بھی دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ لکھی جارہی ہے، راولپنڈی کے لوگوں کا نام ہمیشہ بہادروں میں لکھا جائےگا، لال حویلی کسی کا باپ بھی خالی نہیں کراسکتا، یہ متعدد بار اس پر حملہ آور ہوچکے ہیں۔