سکھر(بیور ورپورٹ)گھنٹہ گھر چوک سے متصل اسٹیشن روڈ پر رمضان المبارک میں ترقیاتی کام شروع کئے جانے کے حوالے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک کی تعمیر جو کہ کافی عرصہ سے ادھوری تھی اسے مکمل کرنے کے لئے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو رمضان المبارک میں اس وقت خیال آیا جب سندھ کانیا بجٹ بھی سامنے آنے والا ہے۔ اسٹیشن روڈ کی سڑک کا کام اچانک شروع کئے جانے سے علاقے میں نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں بلکہ ٹریفک جام ہونے کے باعث شدید گرمی میں لوگ خاص طور پر روزہ دار پریشانی سے دوچار ہیں۔ تعمیراتی کا م اس انداز میں شروع کیا گیا ہے کہ جس سے نہ صرف اسٹیشن روڈ جانے والی سڑک متاثر ہورہی ہے بلکہ گھنٹہ گھر کے اطراف میں ٹریفک کے نظام میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔سڑک کے ایک بڑے حصے کو تعمیراتی مٹیریل اور رکاوٹیں رکھ کر بند کردیا گیا ہے۔ تنگ راستے سے گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث نہ صرف لوگ ٹریفک میں پھنس جاتے ہیں بلکہ پیدل چلنے والے افراد بھی مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں۔شہر میں مختلف شاہراہوں پر ترقیاتی کام کئے جاتے ہیں لیکن اس کا طریقہ کار ایسا ہوتا ہے کہ جس سے سڑک کی تعمیراورٹریفک کا نظام بھی جاری رہتا ہے کیونکہ تعمیراتی کام کرنے والے ایک سائیڈ پر اپنا تمام تر مٹیریل اور سازوسامان رکھ کرکام کرتے ہیں تو دوسرے سائیڈ ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے کھلی رہتی ہے۔