کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی قتل کے تمام 6مجرموں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، گانگریس نے سپریم کورٹ کے حکم کو ناقابل قبول قرار دے دیتے ہوئے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے اعلیٰ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے راجیو گاندھی کے قتل کیس میں گرفتار مجرموں کو 33برس بعد رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔بھارتی عدالت نے مئی میں راجیو گاندھی قتل کے مجرم پیرا ریولن کی رہائی کا حکم دیا تھا جبکہ تامل ناڈو حکومت نے بھی راجیو گاندھی قتل کیس میں سزا یافتہ مجرموں کی رہائی کی سفارش کی تھی۔خیال رہے کہ سابق بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی کو1991میں تامل ناڈو میں تامل علیحدگی پسند خاتون نے خود کش دھماکے میں قتل کر دیا تھا۔