گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کانووکیشن کے تیسرے روز نامور اولڈ راوینز کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیے گئے۔
ایوارڈز لینے والوں میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند، سابق سیکریٹری خارجہ شمشاد احمد، اعتزاز احسن، ڈاکٹر جاوید اکرم، امجد ثاقب، حدیقہ کیانی اور دیگر شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ ایوارڈ ملنا بہت بڑا اعزاز ہے، میرے والد اور اہلیہ نے بھی جی سی سے تعلیم حاصل کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ برداشت زندگی کا سب سے بڑا سبق ہے، اسے سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 500 سال میں مسلمانوں نے کوئی ایک بھی دریافت نہیں کی، ہڑپہ اور موہن جو دڑو کی تہذیب 400 سال بعد نئی ایجادات نہ ہونے سے ختم ہو گئی۔
دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کاکہنا ہے کہ والدین کے علاوہ ڈاکٹر نذیر احمد نے بہت کچھ سکھایا۔
معروف فزیشن ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ تعلیمی ادارہ اپنی روایات کے باعث ترقی کر رہا ہے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا ہے کہ مواخات مدینہ پر چلتے ہوئے اخوت کی بنیاد رکھی۔
گلوکارہ حدیقہ کیانی مصروفیات کے باعث ایوارڈ وصول کرنے نہیں آئیں، اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 300 گھر تیار ہو چکے ہیں۔