• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی سازش کا بیانیہ پس پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی، مریم اورنگزیب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے غیر ملکی میڈیا انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سازش کا بیانیہ پس پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہو گی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کو جواب دینا پڑے گا، جس بیانیہ پر پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دیے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ یہ عمران سے سوال نہیں بلکہ آج عمران کی بات پر یقین کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے، ملکی مفاد سے کھیل کھیلنے والے فارن فنڈد فتنے کی بات سننے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان، افواج پاکستان، اداروں کو غدار ٹھہرا کر بات ختم؟ایسے نہیں عمران خان، اپنے جھوٹ کے لیے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی، ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہوگئے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے، وہ آج امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کے جھوٹے بیانیے سے دستبردار ہوگئے، آج نام نہاد ’حقیقی آزادی‘ کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا، انہوں نے ہوس اقتدار میں ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا، ملک اور قوم کو داؤ پر لگا دیا۔

وزیراطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوم کو جھوٹ سکھا کر اب کہتے ہیں کہ امریکی سازش والی بات ختم؟سپریم کورٹ کو اپیلیں کرتے رہے اور اب امریکی سازش والی بات ختم؟

قومی خبریں سے مزید