وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو عدالت جانے کا چیلنج دے دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان خان اِنف اِز اِنف، فارن فنڈنگ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کا جواب تو دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ گھڑی عمران خان نے 2 کروڑ کی خریدی، ہینڈلرز کے ذریعے 28 کروڑ کی بیچی، پیسے منی لانڈر ہو کر پاکستان آئے اور پیسے ڈیکلیئر نہیں کئے، بڑھکیں نہ ماریں، سوال یہ ہے گھڑی دو کروڑ کی لی؟ 28 کروڑ کی بیچی؟پیسے پاکستان فرح گوگی لائیں؟ پیسے ڈیکلیئر نہیں کئے؟
مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا ہے کہ عمران خان اعلان نہ کریں، عدالت جانے کی تاریخ بتائیں، عدالت جانے کی تاریخ کے ساتھ گھڑی بیچنے کی رسید بھی ٹوئٹ کریں؟ عمران خان صاحب بتائیں گھڑی کے پیسے پاکستان کون لایا اور کیسے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان آپ کے ہینڈلرز فرح گوگی اور شہزاد اکبر پکڑے گئے ہیں، دوسروں پر جھوٹے الزامات؟ رنگے ہاتھوں پکڑے جاؤ تو بے بنیاد الزام، جھوٹے الزامات پر سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھو، خود پر جرم ثابت ہو تو ’بیسلیس‘ کی گردان۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ کیس کے کسی نوٹس کا جواب نہیں دیا، کسی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانے کے تحفے خریدنے والی دبئی کی معروف کاروباری شخصیت عمر فاروق ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں یہ تحائف منظرِ عام پر لے آئے تھے۔
عمران خان سے توشہ خانے کے یہ تحفے دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے۔
عمر فاروق کے مطابق ان سے 50 لاکھ ڈالرز کی ڈیمانڈ کی گئی تھی، تاہم انہوں نے سارے تحفے 20 لاکھ ڈالرز میں خرید لیے اور فرح گوگی کو نقد ادائیگی کی تھی۔