• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق نے وزیرآباد میں عمران خان پر فائرنگ کی تحقیقاتی ٹیم پر اعتراض اٹھا دیا

وزیرآباد میں عمران خان پر فائرنگ کی تحقیقات کے معاملے میں وفاقی حکومت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) پر اعتراض اٹھادیا۔

وزارت داخلہ نے جے آئی ٹی پر اعتراض سے متعلق مراسلہ محکمہ داخلہ پنجاب کو لکھ دیا۔

وزارت داخلہ نے اعتراض اٹھایا کہ جے آئی ٹی میں تمام ممبران پنجاب پولیس کے ہیں، اس میں کسی اور ایجنسی یا خفیہ ادارے کا نمائندہ نہیں ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ وفاقی حکومت عمران خان پر حملے کی جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے شامل کرنے کی تجویز دیتی ہے۔

وزارت داخلہ کے مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ اچھا ہوگا پنجاب حکومت جے آئی ٹی میں وفاقی ایجنسیز کے نمائندے بھی شامل کرے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نےجے آئی ٹی کا سربراہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بنایا ہے، جنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پہلے ہی معطل کرچکا ہے۔

وزارت داخلہ نے مراسلے میں کہا کہ غلام محمود ڈوگر کو عارضی طور پر فیڈرل سروس ٹربیونل سے ریلیف ملا ہے، ایسے آفیسر کو سربراہ مقرر کرنے سے شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔

قومی خبریں سے مزید