سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان کی عدلیہ میں ججز کی تقرری کے خلاف وزیرِ اعلیٰ خالد خورشید کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیے۔
عدالت نے کیس کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
گلگت بلتستان کی عدلیہ میں ججز کی تقرری کے خلاف وزیرِ اعلیٰ خالد خورشید کی درخواست پر سپریم کورٹ نے 26 اکتوبر کی چیمبر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالتِ عظمیٰ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دے دیے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اعتراضات ختم کر کے درخواست کو کھلی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
عدالتِ عظمیٰ کے تحریری حکم نامے کے مطابق رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا، درخواست میں بنیادی حقوق کا معاملہ وابستہ ہے۔
تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ درخواست گزار کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو کھلی عدالت میں سنا جائے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ججز کی تعیناتی کا طریقہ کار سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔