• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ پر ہاتھ صاف کیے، شیریں مزاری

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ پر اصل ہاتھ شیری رحمان کے قائد آصف زرداری اور ان کے اتحادی نواز شریف نے صاف کیے۔

وفاقی وزیر شیری رحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ شیری رحمان کی قیادت، اتحادی اور سہولت کاروں کیلئے کرپشن کبھی کوئی مسئلہ تھا اور نہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم شیری رحمان کے قائد زرداری اور ان کے اتحادی سے لوٹ مار کا حساب مانگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیری رحمان کی جماعت اور اتحادیوں کی لوٹ کھسوٹ کو عوام خوب جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عمر بھر کی کمائی کی تفصیلات 40 سال پرانے دستاویز کی صورت میں پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پیش کردہ شواہد کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے انہیں صادق و امین قرار دیا۔

شیریں مزاری نے کہا کہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ترامیم کر کے نیب کے ہاتھ پاؤں کاٹنے والے عمران خان پر انگلی اٹھاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ پی ڈی ایم اور سہولت کاروں کی اپنے ڈوبتے نظام کو بچانے کی مایوس کن کوشش ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن اور چوری چکاری کی سیاست میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سہولت کاروں کے این آر او چوروں کو قوم کے غیض و غضب سے محفوظ نہیں رکھ سکتے۔

قومی خبریں سے مزید