اسلام آباد (خبر نگار) دارالحکومت کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کا مسئلہ تاحال برقرار ہے‘ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں بھی اسلام آباد کے باسی پانی کی ایک ایک بوند کو ترس گئے ہیں جو کہ وفاقی حکومت اور سی ڈی اے کی مجرمانہ غفلت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے اجلاس کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے سفاک رویئے کے باعث اسلام آباد کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے‘ جو حکومت عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم نہیں کر سکتی اسے حکومت کہلوانے کا حق کیسے دیا جا سکتا ہے۔ 27مئی کو عوام کے احتجاج پر حکومت کی آنکھیں کھلیں لیکن اسکے بعد نہ تو ٹیوب ویلز کو فعال بنایا گیا‘ نہ ہی فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔ اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے پانی کی بندش ختم نہ کی گئی تو پی ٹی آئی عوامی احتجاج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔