پاکستان تحریک انصاف نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں اجتماع کے انعقاد کے لیے دی گئی درخواست میں مقام کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر اسلام آباد انتظامیہ کو راولپنڈی میں اجتماع کے لیے درخواست دے دی گئی ہے، درخواست تحریکِ انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے دی ہے۔
درخواست کے مطابق تحریک انصاف 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر عوامی اجتماع کا انعقاد کرے گی۔
درخواست میں بتایا گیا کہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، عمران خان پریڈ گراؤنڈ سے فیض آباد حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کے لیے روانہ ہوں گے۔
علی اعوان کا درخواست میں کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ سے تمام تر پرامن ریلیوں کے فیض آباد تک پہنچنے کے لیے اجازت طلب کرتے ہیں، عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی پریڈ گراؤنڈ میں لینڈنگ کی بھی اجازت دی جائے۔
علی نواز اعوان کا درخواست میں کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اب تک کے تمام اجتماع پرامن طور پر منعقد کیے گئے، 26 نومبر کو راولپنڈی میں بھی ایک پرامن اورجمہوری عوامی اجتماع کر رہے ہیں۔
علی اعوان نے کہا ہے کہ 18 نومبر کو انتظامیہ کی اجازت سے کورال چوک سے چک بیلی موڑ روات تک ریلی نکالی جائے گی۔