مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کے دھرنےاور لانگ مارچ کا واحد مقصد آرمی چیف کی تقرری پر اثر انداز ہونا ہے۔
جہلم میں پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کا پورا معاملہ دیکھ لیں، کب لاہور سے چلے، کہاں گھومتے رہے اور کیا باتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست چمکانے کے لیے آج کل ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا اختیار صرف اور صرف وزيراعظم کے پاس ہے، کسی اور کو اس فیصلے کا حق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبا زشریف آئے ہوئے ناموں کی سمری میں سے سب سے کوالیفائیڈ افسر کا چناؤ کریں گے، تمام افسران باصلاحیت ہیں کہ عہدے پر آسکیں۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان یا کسی اور سے پوچھ کر وزیراعظم چناؤ نہیں کرے گا، شہباز شریف اپنی صوابدید اور آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہر بات آج جھوٹی ثابت ہورہی ہے، ان کی سیاست ملک دشمن ہے، حالات مشکل ہیں لیکن بہتر ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بات سیٹوں کی اور سیاست کی نہیں، ملک کی ہے، ملک کے حالات دیکھنا ہیں، صرف ن لیگ ہی ملکی حالات بہتر کرسکتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ 2018 کے انتخابات چوری کیے گئے تھے، تہیہ کرنا ہے کہ الیکشن اور عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چار سال کی غفلت، نااہلی اور کرپشن چند ماہ میں دور نہیں ہوسکتی، ن لیگ واحد جماعت ہے جو حالات کو درست کرسکتی ہے اور کر رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک میں اتفاق کی ضرورت ہے، جس گھر میں جھگڑا ہو وہ کبھی نہیں چل سکتا، 2023 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بڑی کامیابی ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے امریکا، چین، روس اور عرب ممالک سے تعلقات بگاڑے، جس کا نقصان صرف ملک کو ہوا۔