• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس ارشد شریف کے قتل پر ازخود نوٹس لیں، پی ایف یو جے

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا ہے، جس میں ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر کمیشن بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ 

خط میں پی ایف یو جے نے چیف جسٹس سے ارشد شریف قتل کیس پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں کمیشن بنانے کی درخواست کی ہے۔ 

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل سے صحافی برداری بڑے صدمے میں ہے۔ پوری قوم اس قتل سے جڑے ہوئے سوالات کے جوابات چاہتی ہے۔ 

صدر پی ایف یو جے نے اپنے خط میں کہا مزید کتنے صحافی ساتھیوں کو کھونا پڑے گا؟ انہوں نے اس معاملے پر صاف اور شفاف تحقیقات کی استدعا کی۔ 

انہوں نے کہا کہ شہید کی فیملی اور صحافی برادری کو سپریم کورٹ پر اعتماد ہے۔ انصاف کی فراہمی کیلئے صحافی برادری کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔ اب تک کی معلومات کے مطابق ارشد شریف کے قتل پر بہت سارے خدشات سامنے آئے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آپ کا آفس شہریوں کو آئین میں دیے گئے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔

قومی خبریں سے مزید