• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتحادیوں کا شہباز شریف کے فیصلوں پر اظہارِ اعتماد

اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے اہم تقرری کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں اور ان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اہم تعیناتیوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کو اہم تعیناتیوں سے متعلق اعتماد میں لیا۔

اتحادی جماعتوں کے پارٹی سربراہوں اور رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار  اور استحقاق آپ کو سونپا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اللّٰہ نے آپ کو عزت اور منصب سے نوازا ہے، اہم تقرری کرنا آپ کا آئینی حق ہے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم جو فیصلہ کریں گے، جے یو آئی ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈاکٹر خالد مگسی نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جو فیصلہ کریں، ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم پر اعتماد ہے، تقرری آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔

اسلم بھوتانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت فیصلہ آپ کو کرنا ہے، آپ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔

پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ نے کہا کہ اہم تقرریوں کا اختیار آپ کے پاس ہے اور آپ ہی اس کے مجاز ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ تقرری کرنا آپ کا اختیار ہے، آپ نے ہم پر اعتماد کیا، ہم آپ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔

شاہ زین بگٹی  نے کہا کہ مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر احسن اقبال اور وفاقی وزیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ بھی شریک تھے۔

اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، چوہدری شجاعت حسین، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سربراہ بی این پی مینگل سردار اختر مینگل، بی اے پی کے رہنما خالد مگسی، سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، نواب شاہ زین بگٹی اور محسن داوڑ نے بھی شرکت کی۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، معاون خصوصی عطا تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی ملک احمد خان بھی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید