وزیراعظم شہباز شریف سے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم نے دونوں جنرلز کو تعیناتی پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے آرمی چیف کے عہدے پر تعیناتی پر جنرل عاصم منیر کو مبارک دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی پیشہ ورانہ لیاقت، ساکھ،حب الوطنی باعث فخر ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے نامزد آرمی چیف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل دونوں کی صدر مملکت سے بھی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔
یاد رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری آج صدر کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد صدر عارف علوی نے لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔
بعد ازاں صدر مملکت عارف علوی نے سمری پر دستخط کردیے، صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی۔