پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما، سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ پنڈی میں روس یا افغانستان کے لوگ نہیں آ رہے، پاکستان کے عوام آ رہے ہیں۔
یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما، سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ہمیں راولپنڈی میں مزید رہنا پڑا توپنڈی انتظامیہ سے بات کر لیں گے، جلسے کا مرکزی اسٹیج پنڈی کی حدود میں قائم ہو گا۔
’’عمران خان کا ہیلی کاپٹر اترنے کی اجازت مسترد ہو گئی‘‘
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ اترنےکی اجازت مسترد کر دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے اجازت مسترد کرنے کی کوئی وجہ نہیں دی گئی کیونکہ کوئی وجہ ہو ہی نہیں سکتی۔
اسد عمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جان بوجھ کر اسلام آباد کی انتظامیہ عمران خان کی زندگی کے لیے خطرہ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے فیض آباد کے مقام پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کی اجازت دے دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کا اجازت نامہ 56 شرائط کے ساتھ جاری کر دیا ہے۔