• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی: شوہر کا قتل، لاش کے 22 ٹکڑے کرنے والی خاتون اور بیٹا گرفتار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں لاش کے ٹکڑے  کرکے قتل کرنے کا ایک اور کیس سامنے آگیاجس میں بیوی نے بیٹے کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کی جان لے لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے، جس نے اپنے بیٹے کی مدد سے اس کے سوتیلے باپ کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرکے فریج میں رکھے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل کیس حال ہی میں ہونے والے شردھا والکر کے خوفناک قتل کیس سے مماثلت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر اپنے دوسرے شوہر کو قتل کیا پھر لاش کو 10 ٹکڑوں میں کاٹ کر فریج میں چُھپا دیا اور کئی دنوں تک پانڈو نگر میں پھینکتی رہی۔

پولیس کے مطابق پونم نامی خاتون اور اس کے بیٹے دیپک نے سنگین جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پونم کو مقتول پر اس وقت غصہ آیا جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے شوہر انجن داس نے اس کے زیورات بیچ کر رقم اپنی پہلی بیوی کو بھیج دی، جو اپنے آٹھ بچوں کے ساتھ بہار میں رہتی تھی۔

پولیس کے مطابق پونم کے سابق شوہر کا 2017 میں کینسر سے انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد وہ داس کے ساتھ رہنے لگی تھی۔

دیپک نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے اس منصوبے سے اتفاق کیا کیونکہ انجن داس نے مبینہ طور پر اس کی بیوی کو ہراساں کیا تھا۔

پولیس کے مطابق انہیں جون میں پانڈو نگر میں لاش کے اعضاء ملے تھے جس کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا تاہم تفتیش عمل میں نہیں لائی گئی تھی کیونکہ لاش کے ٹکڑے گَل چکے تھے۔

تاہم حال ہی میں شردھا والکر کا کیس سامنے آنے پر اس کیس کی تحقیقات شروع کی گئیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید