بھارت میں لڑکی کو قتل کرنے کے بعد لاش کے 35 ٹکڑے کرنے والے ملزم کے ریمانڈ میں توسیع کردی گئی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دلی کی عدالت نے لڑکی کو قتل کرکے اس کی لاش کے 35 ٹکڑے کرنے والے ملزم آفتاب کے ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع کردی، جبکہ یہ ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا کہ ملزم نشے کا عادی تو نہیں۔
ملزم کو سیکیورٹی اور حساسیت کے پیش نظر بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
ملزم نے اپنی دوست شردھا کو قتل کرکے اس کے جسم کے ٹکڑوں کو 18 دن تک فرج میں رکھا، جسے بعد میں دلی کے مختلف مقامات پر پھینک دیا گیا، ملزم نے پولیس کے سامنے اس بات کا اعتراف کر لیا ہے کہ شناخت چھپانے کے لیے اس نے شردھا کی لاش کے ٹکڑے کرنے کے بعد اس کا چہرہ جلا دیا تھا، جبکہ قتل کے بعد لاش کو ٹھکانے لگانے کے طریقے انٹرنیٹ پر تلاش کیے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جنگل سے لاش کے کچھ ٹکڑے برآمد کیے گئے ہیں لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ انسانی لاش کے ٹکڑے ہیں، اب تک لاش کے تقریباً 10 سے 15 ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں۔
ملزم اورشردھا کی دوستی سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے ہوئی تھی اور وہ تین سال سے ایک ساتھ رہ رہے تھے، ملزم نے تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ دونوں کا اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ شردھا کو 18 مئی کو گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔