• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنخواہوں میں تاخیر پر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا یوم سیاہ منانے کا اعلان

سندھ حکومت کی جانب سے جامعات کو گرانٹ نہ ملنے کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، احتجاجاً جمعرات یکم  دسمبر اور جمعہ 2 دسمبر کو جامعہ کراچی کے اساتذہ نے تدریسی امور کے بائیکاٹ اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی اطلاع پر اسٹاف کلب میں بدھ کو صدر انجمن اساتذہ ڈاکٹر صالحہ رحمان کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ چند ماہ سے تنخواہوں و دیگر واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کا سلسلہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مناسب آواز نہ اٹھائے جانے کے باعث آج ایک بار پھر تنخواہ تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔

اجلاس میں مجلس عاملہ کے ارکان کو مطلع کیا گیا کہ آج ڈائریکٹر فنانس سے ملاقات میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ سندھ حکومت کی طرف سے گرانٹ میں تاخیر ہے جس کے باعث اس ماہ تنخواہ کم از کم پیر 5 دسمبر تک اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی۔ 

اس موقع پر انجمن اساتذہ نے تنخواہوں میں تاخیر کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس امر کو ناقابل قبول قرار دیا۔ اجلاس نے متفقہ طور پر مندرجہ ذیل لائحہ عمل کی منظوری دی۔

انجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ طے کرتی ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے گرانٹ میں تاخیر کے خلاف جمعرات کو جامعہ کراچی میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔

جمعرات تک گرانٹ اور تنخواہ نہ آنے کی صورت میں جمعہ 2 دسمبر سے مارننگ و ایوننگ کی تدریس اور امتحانات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات کا مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اعلیٰ تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔ اعلیٰ تعلیم کے لئے صرف کی گئی رقم کو اخراجات نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل کے لئے سرمایہ کاری شمار کیا جائے۔

اجلاس میں ڈاکٹر صالحہ رحمان، ڈاکٹر شاہ علی القدر، ڈاکٹر انتخاب الفت، ڈاکٹر حارث شعیب، ڈاکٹر محمد علی، غفران عالم، ڈاکٹر اسد تنولی، ڈاکٹر عبدالجبار، ڈاکٹر صادق علی خان، ڈاکٹر تحسین اقبال، ڈاکٹر صدف فاطمہ، ڈاکٹر خالد جمال، ڈاکٹر ندا علی، ڈاکٹر نائلہ عثمان اور سید فیضان الحسن نقوی نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید