• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد شریف کی شہادت پر ازخود نوٹس خوش آئند ہے، فواد چوہدری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کو خوش آئند قرار دے دیا۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور ججز کی عزت اسی میں ہے کہ وہ آئین کی حاکمیت کے لیے کھڑے ہوں۔

فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر دیر کی لیکن شکر ہے نوٹس لیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینئر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے واقعے کی ایف آئی آر آج رات تک درج کرنے کا حکم دیا ہے۔۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ارشد شریف قتل کے ازخود نوٹس کیس کی اپنی سربراہی میں سماعت کے لیے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے جس میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر بھی شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ پاکستان میں ارشد شریف کے قتل کا فوجداری مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا؟

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ جب ایف آئی آر درج ہی نہیں ہوئی تو پاکستان میں کیا تحقیقات ہوں گی؟

سیکریٹری داخلہ نے جواب دیا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کا جائزہ لے کر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ ہو گا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا مقدمہ درج کرنے کا یہ قانونی طریقہ ہے؟

جسٹس اعجازالاحسن نے سوال کیا کہ مقدمہ درج کیے بغیر تحقیقات کیسے ہوسکتی ہیں؟

عدالتِ عظمیٰ نے ارشد شریف کے قتل کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کل 7 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید