جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارے اداروں کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی، دفاعی اداروں نے اس سازش کو ناکام بنایا۔
کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کی فارن فنڈنگ ہو رہی تھی، اس کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا راستہ 126 دن کے دھرنے سے روکا گیا، ملک کی معیشت کو تباہی کی طرف دھکیلا گیا، پچھلی حکومت نے اپنے اقدامات سے سعودی عرب کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچایا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں اضطراب پھیلا کر اداروں اور پارلیمینٹ کو کمزور کیا جا رہا ہے، سعودی ولی عہد نے پاکستان آنے کا اعلان کیا تو عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ کس نے پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف کےحوالے کیا، کس نے پاکستانی روپے کی قدر و قیمت کو تباہ و برباد کیا، پاکستان کا روپیہ ڈالر کے مقابلے میں قدر و قیمت کھو بیٹھا، چین کی سرمایہ کاری کو منجمد کیا گیا، اس کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، گوادر اور میگا پروجیکٹس کو تباہ کر دیا گیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو زمین بوس کیا گیا، ہم معیشت کی دلدل میں پھنستے جا رہے ہیں، پاکستان اپنی منزل کی طرف آگے بڑھ رہا ہے، اپنی منزل تک پہنچا کر دم لیں گے، اس ملک کو خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل جمعیت سے وابستہ ہے، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے آخری حد تک لڑتے رہیں گے، ہم فرقہ ورانہ ہم آہنگی کیلئے کام کریں گے، کوئی طاقت کارکنوں کی صفوں میں دراڑ پیدا نہیں کر سکتی، ہم اسلام کے نام پر قوم کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے۔