• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پروپیگنڈا گُرو ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی جماعت ماننے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پروپیگنڈا گُرو ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ڈیلی میل کو پاکستان کی غیر ملکی امداد رکوانے کے لئے استعمال کیا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کا اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان محض شوشہ ہے، چیلنج کرتی ہوں پی ٹی آئی چیئرمین اپنے ارکان کے استعفے دکھا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پلان کے تحت معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی، عمران خان الزام شہباز شریف پر لگا رہے تھے لیکن نقصان پاکستان کا ہو رہا تھا۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ڈیلی میل کی خبر کا مقصد پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ تباہ کرنا تھا، جھوٹی خبر کے ذریعے قوم، اداروں اور قیادت کو چور دکھانے کی چال چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی خبر کا اصل نشانہ پاکستان اور اس کے غریب عوام تھے، ڈیوڈ روز وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملتے رہے، نیب کے قیدیوں تک رسائی دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان اور لندن کی عدالتوں میں ایک بھی الزام ثابت نہ کرسکے، شہباز شریف حکومت کی توجہ معیشت، روزگار، کاروبار اور پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کے نام پر چار سال صرف "ایسٹ میکنگ" ہوئی، توشہ خانہ لوٹا گیا، زمینوں کے کاروبار ہوئے، آج جو غربت ہے وہ ’عمران پلان‘ کی وجہ سے ہے، ریورس کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

قومی خبریں سے مزید