بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہیں بالی ووڈ کے 2 بڑوں سلمان اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کا تجربہ ہے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں نواز الدین صدیقی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ریہرسل میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگتا ہے، وہیں سلمان خان بہت فیاض آدمی ہیں۔
دونوں کے مختلف مزاج پر گفتگو کے دوران 2012 کی کرائم اسٹوری فلم گینگ آف واسع پور پارٹ ٹو سے شہرت حاصل کرنے والے نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کی خاص بات یہی ہے کہ ہم بہت زیادہ ریہرسل کرتے تھے۔
یہاں تک کہ جب ٹیم یہ سمجھتی تھی کہ کسی خاص شوٹ کو پھر سے کیا جائے تو ہم اسے دوبارہ شوٹ کرتے۔
واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے شاہ رخ کے ساتھ 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم رئیس میں اور سلمان خان کے ساتھ 2014 کی فلم کک اور 2015 کی بجرنگی بھائی جان میں کام کیا۔
ان کے مطابق سلمان خان بہت فیاض اور کھلے دل کے آدمی ہیں، ان کی فیاضی کا یہ عالم ہوتا ہے کہ وہ اپنے بہترین ڈائیلاگ بھی آپ کو دے دیتے ہیں، مجھے بھائی کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آتا ہے۔