• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این آر او 2 سے مستفید ہونے والا سلیمان شہباز بھی بھاشن دے رہا ہے،عمر سرفراز چیمہ

عمر سرفراز چیمہ—فائل فوٹو
عمر سرفراز چیمہ—فائل فوٹو

حکومت پنجاب کے مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے سلیمان شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ این آر او 2 سے مستفید ہونے والا بھی بھاشن دے رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سلیمان شہباز کے والد نے کلین چٹ دلانے کے لیے سب حربے استعمال کیے، اربوں روپے لوٹنے والے کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، مگر کرپٹ ٹولہ لٹیروں کو پروٹو کول دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرٹیفائیڈ لٹیرے ملک پر قابض ہو گئے ہیں، شریف فیملی نے معاشرے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کا زہر گھولا، شریف خاندان کی کرپشن کی غضب کہانیاں زبان زد عام ہیں۔

عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے برملا اعتراف کیا شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتا تھا، شریف خاندان ایون فیلڈ، مے فیئرز کے اربوں روپے کے اثاثوں کے ثبوت آج تک جمع نہیں کرا سکا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شریف خاندان 16 ارب کی ٹی ٹیز کے واضح ثبوت کے باوجود این آر او 2 سے بچ نکلا، ٹی ٹیز کی تحقیقات کرنے والے ڈاکٹر رضوان سمیت دیگر متعلقہ کرداروں کو ہمیشہ کے لیے خاموش کرا دیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان مافیا کو اس لیے کھٹکتا ہے کہ وہ اشرافیہ کی کرپشن کے خلاف واحد دیوار ہے، قوم جاگ چکی ہے، مافیا کے دن گنے جا چکے، عوامی طاقت سے امپورٹڈ ٹولے کو بھگا کر دم لیں گے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ کہاں گئی وہ منی لانڈرنگ اور وہ 500 ارب؟

سلیمان شہباز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند سال جو کھیل تماشہ عمران خان نے کیا وہ ساری دنیا نے دیکھا، یہاں آپ اداروں پر چڑھ دوڑتے ہیں، این سی اے کے بارے میں اب آپ کیا کہیں گے؟

ان کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال احتساب کے نظام پر کالا دھبہ ہیں، ان کی ویڈیوز بنا کر ان پر دباؤ ڈالا گیا، رانا ثناء اللّٰہ پر ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، اس میں بریت سے تھپڑ پڑا ہے، شریف فیملی کے لوگوں کو گرفتار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔

قومی خبریں سے مزید