• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیشرفت، ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائد

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں فریقین کے درمیان صلح کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عدالت نے ساتھ ہی جام اویس سمیت 8 ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائد کی، جس کی صحت سے ملزمان نے انکار کردیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

مقتول کے ورثا نے عدالت میں صلح نامے کی درخواست جمع کرائی تھی جس پر عدالت نے ورثا سمیت وکلا کا موقف سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالت نے کہا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں صلح کی درخواست پر فیصلہ 12 جنوری کو سنایا جائے گا۔

دروان سماعت مقتول ناظم جوکھیو کی بیوہ شیرین جوکھیو اور مدعی مقدمہ پیش ہوئے جبکہ نیشنل کمیشن فار ہیومین رائٹس کے وکیل جبران ناصر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

جبران ناصر کی طرف سے ان کے جونیئر پیش ہوئے اور عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومین رائٹس کے وکیل چاہیں تو دلائل دے سکتے ہیں۔

عدالت نے پراسکیوشن کی درخواست پر جام اویس سمیت 8 ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی۔

ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید