• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پولیس مقابلے اور عوام کے تشدد سے 3 ڈاکو ہلاک

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے کورنگی میں ہونے والے پولیس مقابلے میں 1 ڈاکو ہلاک ہو گیا، کورنگی اور اورنگی میں دیگر پولیس مقابلوں میں 2 افراد زخمی ہو گئے، شہر میں مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 سالہ بچی سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، اورنگی ٹاؤن اور گلستانِ جوہر میں عوام کے تشدد اور فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 1 زخمی ہو گیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 1 شہری بھی زخمی ہوا، پولیس نے ڈیفنس سے ہائی وولٹیج تاروں کی چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

جلیبی چوک پر پولیس مقابلہ

پولیس کے مطابق کورنگی نمبر 6 جلیبی چوک کے قریب مقابلے میں پولیس نے 1 ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔

ملزم کے قبضے سے اسلحہ ملا ہے، ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

کورنگی نورانی بستی کے قریب پولیس مقابلے میں 1 ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے

 ملزم سمیر کے قبضے سے بھی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

اورنگی اور جوہر میں 2 ڈاکو ہلاک

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں پولیس مقابلے کے بعد فیصل نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم کے قبضے سے پولیس نے پستول بھی برآمد کیا ہے۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 اور گلستانِ جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب عوام کے تشدد اور فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک اور 1 زخمی ہو گیا جبکہ ڈاکو کی فائرنگ سے 1 شہری بھی زخمی ہوا ہے۔

تار چور گرفتار

پولیس نے ڈیفنس فیز 5 میں واقع گرڈ اسٹیشن سے ہائی وولٹیج تانبے کے قیمتی تار کاٹ کر چوری میں مصروف ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم عارف کے قبضے سے چوری شدہ تانبے کے قیمتی ہائی وولٹیج تار برآمد کیے گئے ہیں۔

فائرنگ کے واقعات، 5 افراد زخمی

دوسری جانب ڈیفنس فیز 2، لانڈھی قذافی ٹاؤن، قصبہ میانوالی کالونی، منگھو پیر پٹھان کالونی اور کورنگی اللّٰہ والا ٹاؤن میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں 4 سالہ بچی سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

قومی خبریں سے مزید