• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خارجہ ماحول ٹھیک کرنے پر سراہنے کی بجائے تنقید کی جارہی ہے، قمر زمان کائرہ

وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ فعال سفارت کاری سے ہم نے پھر خارجہ تعلقات بحال کیے، خارجہ ماحول کو ٹھیک کرنے کو سراہنے کی بجائے تنقید کی جارہی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھرپور طریقے سے پاکستان کا موقف آگے بڑھایا، پہلی بار امریکا نے کشمیر پر ہمارے موقف کو مانا۔ 

قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے دوروں سےمتعلق عمران خان کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا، ان کے دور حکومت میں خارجہ تعلقات خراب ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے بھارتی وزیراعظم کو بہت جرات مندانہ اور مدبرانہ جواب دیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گیس،تیل منہگا ہونا آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، جاتے جاتے آئی ایم ایف کے معاہدے سےآپ نے انحراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کہہ رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کرنےجارہا ہے، ہم مشکل سے نکل چکے، ڈیفالٹ نہیں کریں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ووٹ پورے ہونےکا کہتے ہیں، دوسری طرف کہہ رہے ہیں، ووٹ خرید رہے ہیں،  کون بک رہا ہے، ان کا نام نہیں لے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے غور کریں کہ یہ سب کو بکاؤ مال کہہ رہا ہے۔عمران خان کو غصے میں سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کہہ رہے ہیں، ہم کسی صورت کوئی غیر آئینی، غیرسیاسی اقدامات نہیں کریں گے، سیاسی میدان میں آپ کا مقابلہ کریں گے۔

 کائرہ نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے بارہا کہا کہ آئیں مل کر بیٹھتے ہیں، شرطیں رکھ کر نہیں بیٹھ سکتے ہیں، گارنٹی کرتےہیں کہ ہمارا کوئی سخت رویہ ہےتو درست کریں گے۔

بلاول بھٹو کو خطرات لاحق ہیں،یہ خطرات آج سے نہیں، مشاورتی عمل سے اگر چیزیں درست ہوسکتی ہیں تو ہونی چاہئیں۔

قومی خبریں سے مزید