وزیراعظم اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے امیر قطر کو کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کانفرنس 9 جنوری کو جینیوا میں اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ میزبانی میں ہوگی۔
وزیر اعظم اور امیر قطر نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران قطر کی طرف سے امداد کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بحالی اور تعمیر نو کے بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، ہم نے اپنے محدود وسائل کو ممکنہ حد تک متحرک کیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو فیفا 2022 فٹ بال ورلڈکپ کی کامیاب میزبانی پر مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 سے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے نیا معیار قائم ہوا۔