قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ کچھ ارکان نے استعفے منظور نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ جن ارکان نے مجھ سے استعفے منظور نہ کرنے کی استدعا کی ہے ان کا نام اور تعداد نہیں بتا سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک کی بہتری اور بھلائی کے لیے تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کریں، سیاست سب کا حق ہے مگر عوام کا مفاد سب سے اہم ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے گزشتہ روز مجھ سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے آج اسمبلی آفس میں پہنچ کر خود عامر ڈوگر سے رابطہ کیا، میں نے بتایا کہ میں اسپیکر آفس پہنچ گیا ہوں، ملاقات کے لیے آ جائیں، مگر انہوں نے کل ملاقات کا کہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چند لوگ استعفے کے معاملے پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں، میں نے کہا کہ جتھے کی صورت میں ملاقات نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ رولز کے مطابق سب ممبران سے الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی، مگر پی ٹی آئی کے ارکانِ قومی اسمبلی کے استعفے اپنے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا یہ بھی کہنا ہے کہ قواعد کے مطابق ہر ممبر کے لیے اپنے ہاتھ سے اپنا استعفیٰ لکھنا لازم ہے۔