کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، برفباری سے بالائی وادیوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
ملسلسل برف گرنے سے متعدد رابطہ سڑکوں پر آمد و رفت اور بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے، پنجاب کے شہروں میں بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، مری میں موسم سرما کی پہلی بر ف پڑی ہے جس کے ساتھ ہی خشک سردی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بارش اور برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے، ایبٹ آباد، پاراچنار، اورکزئی، شمالی و جنوبی وزیرستان میں برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہیں، لوئر دیر کے بالائی علاقوں میں برفباری سے مناظر دل کش ہوگئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں ہنزہ کے پہاڑوں، دیامر میں نانگا پربت، بٹوگا ٹاپ، داریل، گوہر آباد اور نیاٹ کے پہاڑوں پر برفباری ہو رہی ہے، جبکہ بجلی کا نظام بھی متاثر ہے۔
کشمیر کی وادی نیلم میں برفباری سے وادی کا حُسن مزید نکھر گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نیلم کے مطابق بارش اور برف باری کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
بلوچستان میں توبہ اچکزئی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھاربارش کے باعث ندی نالوں میں سیلابی ریلے سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، توبہ کاکڑی، کوہ خواجہ عمران میں برفباری ہورہی ہے۔ نوشکی میں بھی موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔
پنجاب میں فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت بیشتر شہروں میں ہلکی اور تیز بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔