وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے کا گزشتہ روز کا عدالتی فیصلہ چیلنج کردیا۔
الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الگ الگ انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ہے۔
الیکشن کمیشن اور وفاق نے انٹراکورٹ اپیل پر آج ہی سماعت کی استدعا کی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس نےاعتراض عائدکردیا جس میں کہا گیا ہے کہ انٹرا کورٹ اپیل کے ساتھ دستاویزات نامکمل ہیں۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے گئے۔
الیکشن کمیشن اور وفاق کی انٹراکورٹ اپیلوں کو ڈائری نمبر لگادیئے گئے۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن آج ہی کرانے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بلدیاتی الیکشن کیس کا 11 صفحات کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا تھا۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ لوکل باڈی سسٹم یقینی بنانا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔