وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2023 میں پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام کی طرف لے کر جائیں گے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ 2023 انسانیت کی فلاح و بہبود اور خوش حالی کا باعث بنے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 پاکستان کیلئے تلخ و شیریں ثابت ہوا، 2022 میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2023 میں 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے سال کو اپنے نوجوانوں کیلئے مواقع کا سال بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نئے سال پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔