وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی کرکٹ کے شوقین نکلے، کراچی میں کھلا میدان، بیٹ اور گیند دیکھ کر خود کو بیٹنگ سے روک نہ سکے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کا اچانک معائنہ کرنے پہنچے تو اس دوران انہوں نے ملیر ایکسپریس وے محمود آباد میں کرکٹ کھیلی۔
مراد علی شاہ کو ایڈمنسٹریٹر کراچی نے گیند کرائی تو انہوں نے جارحانہ شاٹس کھیلے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیرِ اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے پر کام کا جائزہ لیا اور کہا کہ اس کی تعمیر سے ٹریفک کے دباؤ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق ملیر ایکسپریس وے 29 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے دیہہ ڈرگ پر ملیر ایکسپریس وے کا جائزہ لیا اور تجاوزات ختم کروا کر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مراد علی شاہ نے شاہ فیصل کالونی پر زیرِ تعمیر ملیر ایکسپریس وے کا بھی دورہ کیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کو ایکسپریس وے پر جاری ترقیاتی کام پر بریفنگ بھی دی گئی۔
جناح ایونیو ملیر کینٹ پر بھی وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ترقیاتی کام پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے ریڈ لائن منصوبے کا دورہ بھی کیا۔