بہاولپور(سٹی رپورٹر) گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج بہاو لپور کے ہونہار طالب علم محمد طاہر نے نابینا افراد کے چلنے پھرنے میں مدد اور سہولت کے لئے جدید الیکٹرانک سٹک ایجاد کر لی ہے۔ یہ سٹک نابینا افراد کو پانی سے بچاؤ اور کسی بھی رکاوٹ کے سامنے آنے پر الارم کے ذریعہ ہوشیار کر کے راستہ بدلنے میں مدد دے گی۔گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی بہاو لپور میں ڈپلومہ ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کے تھرڈ ایئر کے طالب علم محمد طاہر نے کہا کہ چھڑی کے نچلے حصہ میں ایسے آلات نصب کئے گئے ہیں جو پانی کے چھوتے ہی الارم بجا کر چھڑی استعمال کرنے والے کو ہوشیار کر دیتے ہیں۔اسی طرح دو جدید آلات کی مدد سے سامنے آنے والی دیگر رکاوٹوں کے بارے میں نابینا افراد کو الارم کی صورت میں آگاہی حاصل ہو گی اور وہ باآسانی اپنا راستہ تبدیل کر لیں گے۔ محمد طاہر نے بتایا کہ اس چھڑی پر انتہائی کم لاگت آئی ہے اور اگر اس کے کمرشل استعمال کوفروغ دیا جائے تو یہ نہایت کم قیمت پر بھی تیار ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس چھڑی سے نابینا افراد کو کسی بھی حادثہ سے محفوظ رکھا جا سکے گا۔محمد طاہر محکمہ تعلقات عامہ بہاو لپور کے نائب قاصد مشتاق احمد کے فرزند ہیں۔