سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مارچ اپریل میں انتخابی شیڈول ملتا ہوا نظر آ رہا ہے، امید ہے پرویز الہٰی عمران خان کے ساتھ مل کر سیاست کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نئی فوجی قیادت آنے کے بعد اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے، کسی کو فون کالز نہیں آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بدترین بحران سے گزر رہا ہے، عمران خان کھمبے کو ٹکٹ دے گا تو وہ بھی جیت جائے گا، عمران خان کے خلاف بات نہیں کر سکتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں میری باجوہ صاحب سے کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی، عمران خان کو ہٹانے میں سامراجی طاقتیں بھی شامل تھیں، یہ چاہتے ہیں عمران خان کھیل میں نہ ہوں اور وہ نااہل ہو جائے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ان 13 جماعتوں کو ووٹ نہیں کچھ اور پڑے گا، عمران خان نے 13 سیاسی جماعتوں کی سیاست دفن کردی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے عمران خان کی جان لینے کی بھی کوشش کی، جس گڑھے میں ہم گر رہے تھے اس میں یہ لوگ گر گئے ہیں۔