وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی پی ٹی آئی پر تنقید پر تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 25 تاریخ کو اقتدار کے پُجاریوں کی زبانیں باہر تھیں۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں سینیٹر اعجازچوہدری نے پرویز الہٰی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ 25 تاریخ کو پی ٹی آئی کارکن جیلوں میں تھے، سڑکوں پر احتجاج میں شریک تھے۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن زخمی تھے یا شہید ہوئے، چھپ کر نہیں بیٹھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی نہیں آتی تو چھوڑیں گھر بیٹھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دے، 25 تاریخ کو اپنا حال یاد رکھے، ان کی زبانیں نکلی ہوئی تھیں، آپ کو جان کے لالے پڑے ہوئے تھے، شکر کرو اللّٰہ تعالیٰ کا، پی ٹی آئی والے کم از کم اپنے لیڈر عمران خان کی بات کو فالو کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تو خود ویسے ہی کر رہا ہوں جو عمران خان کہہ رہے ہیں، بزدار کی حکومت یہ کام کر لیتی تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، اللّٰہ کو نا شکری پسند نہیں، بڑی مشکل سے پی ٹی آئی کی حکومت سنبھل چکی ہے۔