گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اُمید ہے عدالت کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں گے، وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہیں لیتے تو سپریم کورٹ کیلئے ہماری درخواست تیار ہے۔
جیو نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ باتیں بنائی گئیں کہ چیف سیکریٹری پنجاب پر دباؤ ڈالا گیا، کیا میں نے کوئی ڈنڈا لے کر چیف سیکریٹری پر دباؤ ڈالا، حقیقت میں تو چیف سیکریٹری نے تمام معاملہ التوا میں ڈالا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آئین کے مطابق وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ تو لینا ہی پڑے گا، پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو پی ڈی ایم کا متفقہ اُمیدوار وزیراعلیٰ بنے گا۔
بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان کی آڈیو پر کچھ نہیں کہنا چاہتا مگر افسوس ہے۔