وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی آڈیو لیکس کے بعد ان کا گراف نیچے گیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی میں فرق ہے، پی ٹی آئی کے بہت سے ایم پی اے استعفیٰ نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کسی کی حمایت عمران خان کے ساتھ نہیں، ان کے بہت سے لوگ اسمبلی کی تحلیل سے اتفاق نہیں کرتے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ دو خواتین ایم پی ایز کہہ چکی ہیں کہ پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کے پاس نمبر نہیں، وہ سسٹم کو کھینچنا چاہتے ہیں۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ کبھی تو لینا ہے، رن آف الیکشن آئے گا تو پرویز الہٰی وزیراعلیٰ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے10 ووٹ ہیں، وہ بھی دائیں بائیں ہوسکتے ہیں، ایک دو پی ٹی آئی اراکین ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، ہماری ورکنگ چل رہی ہے، کوئی ان کو ووٹ کیوں دے گا جب پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل کرنی ہے۔