سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی ایئرپورٹ پر خاتون سیکیورٹی انچارج پر توہین مذہب کے الزام کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے واقعے میں توہین کے الزام کو شرمناک قرار دیا۔
کراچی سے جاری بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ خاتون سیکیورٹی انچارج کو فرائض کی ادائیگی سے روکنے کےلئے ان پر توہین مذہب کا الزام شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ توہین مذہب کا الزام انتہائی خطرناک عمل ہے، خاتون سیکیورٹی انچارج پر لگے الزام کی تحقیقات کرائی جائیں۔
آصف زرداری نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ خاتون سیکیورٹی آفیسر کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر مذہب کی آڑ میں پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، حکومت اور عوام کو ایسی سوچ کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ خاتون سیکیورٹی آفیسر پر الزام غلط ثابت ہونے پر الزام لگانے والے کو سخت سزا دی جائے۔