عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ترجمان ایسٹر پیریز نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے 9 جنوری کو ہونے جا رہی جنیوا کانفرنس پر تعمیری گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس لچکدار پاکستان کے سلسلے میں ہو رہی ہے۔
ترجمان ایسٹر پیریز کے مطابق وزیرِ اعظم سے گفتگو کے دوران ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان میں سیلاب سے براہِ راست متاثر ہونے والوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ایسٹر پیریز کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ایم ڈی نے سیلابی تباہی سے پائیدار بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی حمایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنیوا کانفرنس کے موقع پر آئی ایم ایف کے وفد کی پاکستانی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات متوقع ہے۔
ایسٹر پیریز کے مطابق اس ملاقات میں نمایاں مسائل آگے بڑھانے کے لیے بات چیت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کل منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف سے فون پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کو تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کی معاشی مشکلات کے حوالے سے بھی خاص طور پر وضاحت دی ہے۔