پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں عمران خان کے سوا کسی کا ووٹ بینک نہیں ہے۔
کراچی میں خواتین کنونشن سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ 15 جنوری کو ’بلے‘ پر مہر لگانی ہے تا کہ کراچی کا میئر بھی پی ٹی آئی کا ہو۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں عمران خان کے علاوہ کسی کا ووٹ نہیں، ملک میں بدترین مہنگائی ہے، بے روزگاری ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ملک پر چور مسلط ہیں، ملک کو لوٹا جا رہا ہے، عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ملک کے فیصلے عوام کریں گے بند کمروں میں فیصلے عوام کو قبول نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار سندھ میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی، حکمراں جتنا بھاگنے کی کوشش کریں، 2023 الیکشن کا سال ہے۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بہتر تب ہوگا جب فیصلوں میں خواتین برابر کی شریک ہوں گی، عمران خان خواتین کو ہر اول دستہ بنا کر رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی شہر جہاں 30 سال پہلے تھا ابھی بھی وہی ہے، 90 فیصد ریوینیو دینے والے شہر کو حقوق نہیں مل رہے۔