سندھ کے وزیر ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کے جنیوا میں پاکستان میں سیلاب سے بحالی کے لیے عالمی برادری اور اداروں کے امداد کے اعلان کو سراہنے کے بجائے تنقید کا نشانہ بنانے پر انہیں بھرپور جواب دیا ہے۔
شیریں مزاری نے ٹوئٹ کیا تھا کہ جنیوا میں ہال خالی پڑے تھے، بہت کم حاضری تھی۔
ناصر حسین شاہ نے اپنے جوابی ٹوئٹ کے ذریعے شیریں مزاری سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ ’آپ کے نفرت انگیز ٹوئٹ کا بہترین جواب یہ ہے‘۔
اس ٹوئٹ میں ناصر حسین شاہ نے جنیوا کانفرنس میں شرکاء کی بھرپور حاضری کی تصویر شیئر کی ہے جس میں عالمی برادری اور اداروں کی جانب سے اعلان کردہ امداد کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کے دوران گزشتہ برس آنے والے تباہ کن سیلاب سے بحالی کے لیے عالمی برادری اور اداروں نے بھرپور مدد کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 10.57 ارب ڈالرز امداد دی جائے گی جو پاکستان کی درخواست سے تقریباً ڈھائی ارب زیادہ ہے۔