پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ یا گھر، چوہدری پرویز الہٰی کے پاس تیسرا کوئی راستہ نہیں۔
ایک بیان میں پی ڈی ایم ترجمان نے کہا کہ عدالت پرویز الہٰی کو 11 جنوری سے پہلے اعتماد کاووٹ لینے کا پابند کرے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا یا گھر جانا ہوگا، تیسرا کوئی راستہ نہیں ہے، وہ دعائے خیر کے بعد چوہدری شجاعت کو چھوڑ کر گئے۔
پی ڈی ایم ترجمان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے کہا کہ پرویز الہٰی کرسی بچاؤ مہم میں عدالت اور عمران خان دونوں سے کھیل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو نہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے پیار ہے اور نہ ہی عمران خان سے، ان کو تو صرف کرسی سے پیار ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے مزید کہا کہ سوال یہ ہے کہ عمران خان آج بھی تمام حالات کا ذمہ دار جنرل باجوہ کو قرار دیتے ہیں لیکن پرویز الہٰی خاموش ہیں وہ جواب کیوں نہیں دیتے؟
انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوا کہ تم ریٹائرڈ امپائر اور کپتان دونوں سے پیار کا ناٹک کررہے ہو، آپ اور عمران خان عدالت، جمہوریت، پارلیمنٹ، آئین اور ریاست سے کھیل رہے ہو۔
پی ڈی ایم ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کورٹ سے مطالبہ کرتی ہے کہ پرویز الہٰی کو پابند کرے کہ11 جنوری سے پہلے اعتماد کاووٹ لیں۔