مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے مرحوم اداکار ماجد جہانگیر کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مریم نواز نے لکھا کہ پی ٹی وی کے ڈرامے ففٹی ففٹی کی یادیں ہمارے ذہنوں سے کبھی نہیں مٹیں گی اور ان کے ساتھ ماجد جہانگیر صاحب ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
مریم نواز نے ماجد جہانگیر کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب مرحوم ماجد جہانگیر کے بیٹے فہد جہانگیر کا کہنا ہے کہ اداکار ماجد جہانگیر مرحوم کی میت 5 بجے بذریعہ جہاز لاہور سے کراچی پہنچائی جائے گی، تاہم ان کی تدفین کا اعلان 8 بجے کیا جائے گا۔
ماجد جہانگیر 10 جنوری کو طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف سینئر اداکار و کامیڈین ماجد جہانگیر نے 80 کی دہائی میں ڈراما سیریز ففٹی ففٹی سے شہرت پائی تھی۔