کراچی کولڈ ویو کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث گزشتہ شب رواں ماہ کی سرد ترین رات رہی۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں گزشتہ رات درجۂ حرارت 6 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ اور کلفٹن میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ آج سے 16 جنوری کے دوران کولڈ ویو کی شدت زائد رہے گی، شہر کے شمالی حصے میں درجۂ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
وسطی علاقوں میں درجۂ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، جنوبی علاقوں میں درجۂ حرارت 9 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
آج شام سے شہرِ قائد میں چلنے والی تیز گرد آلود ہواؤں کی شدت میں کمی آ جائے گی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 16 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صوبۂ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی جم گیا۔
سردی کے سبب کوئٹہ کے گھروں کی پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے جبکہ موسم انتہائی سرد ہے۔
کوئٹہ بھر میں گیس پریشر کم ہے، کئی علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔
بلوچستان کے دیگر اضلاع زیارت، قلات، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ میں بھی سردی میں اضافہ ہوا ہے۔
قلات اور زیارت میں گیس پریشر غائب ہو گیا جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔