وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہماری چال کامیاب ہوئی، پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت سے جان چھوٹی، شکریہ عمران خان آپ نے اپنی حکومتیں خود ہی ختم کر دیں، آپ وفاقی حکومت کو ختم کرنے نکلے تھے اپنی ہی حکومتیں ختم کر دیں، ہمیں کیا اعتراض ہے؟
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں پریس بریفنگ کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ ثاقب نثار کی قیادت میں جو سرکس لگا اس کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں، ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال پیدا کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کا ایجنڈا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان خود فیصلہ کر کے گئے ہیں، الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے، نئی مردم شماری کا عمل شروع ہو چکا ہے، اس کے نتائج 30 اپریل کو شائع ہوں گے، نئی مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کو 4 ماہ درکار ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈالر کے بحران میں سٹہ بازی کا بھی بڑا کردار ہے، حکومت کارروائی کر رہی ہے، 70 سے ایک ارب کی سرمایہ کاری رئیل اسٹیٹ میں ڈالی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر ملک میں سیاسی کرتب پیدا کرنے کا کوئی جواز نہیں، پاکستان نے تعمیر نو و بحالی کیلئے 16 ارب ڈالرز کا تخمینہ لگایا تھا، 8 ارب ڈالر پاکستان نے خود جمع کرنا تھے، نصف کی توقع عالمی برادری سے تھی، بعض عناصر کے پروپیگنڈے کے باوجود انٹرنیشنل کمیونٹی نے تعاون کیا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ صفر ہے۔