متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ نہیں ہو سکا، رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔
اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنما گورنر ہاؤس روانہ ہوگئے۔
مختصر گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ دو سے تین گھنٹے میں صورتحال واضح ہوگی۔
اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بیشتر اراکین رابطہ کمیٹی نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لینے کی تجویز دی۔
بہادرآباد مرکز میں ہونے والے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد میں کل کروائے جانے والے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر غور کیا گیا۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں جعلی حلقہ بندیوں کے موقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ رابطہ کمیٹی نے وزراء کے استعفوں اور دیگر آپشن پر مشاورت بھی شروع کردی۔
ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ جعلی حلقہ بندیوں کے خلاف کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، حلقہ بندیوں کی درستگی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے حتمی رابطوں کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔