متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نشستیں بتاتی ہیں ہمارا مؤقف صحیح تھا۔
پی آئی بی کالونی کراچی میں ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ہے۔ جاگیردار وڈیرے ایک طرف اور پاکستان بنانے والے ایک طرف ہیں۔ شہری سندھ پر حکمرانوں کا قبضہ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا۔
انہوں نے کہا کہ زمینوں پر قبضے، کرپشن اور اقربا پروری کرنے والی پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن میں ایکسپوز ہوگئی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نشستیں بتاتی ہیں ہمارا مؤقف صحیح تھا۔ 20 فیصد آبادی کی 50 فیصد نشستیں اور باقی 80 فیصد آبادی کی 50 فیصد نشستیں تھیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ سے یہ الیکشن ہوا ہے۔ تم نے ہماری مئیر کی سیٹ لی ہم اکتوبر میں تمہاری وزیراعلیٰ کی سیٹ چھین لیں گے۔